وقف ترمیمی بل کیخلاف
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل
نئی دہلی،28 مارچ (حقیقت ٹائمز)
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وقف ترمیمی بل کے خلاف جمعۃ الوداع (29 مارچ) کے موقع پر پُرامن احتجاج کریں۔ بورڈ نے تمام مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے بعد اپنے بازو پر کالی پٹی باندھ کر احتجاج درج کریں۔بورڈ کا کہنا ہے کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں کے دینی و ملی تشخص اور ان کے مذہبی اداروں پر براہ راست حملہ ہے، جو وقف املاک پر مسلم کمیونٹی کے حق کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ اس بل کے ذریعے حکومت کو وقف جائیدادوں پر مزید اختیارات دیے جا رہے ہیں، جو کہ مسلمانوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور جنرل سیکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ تمام مساجد، مدارس، اور دینی اداروں کے ذمہ داران اس احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کو بیدار کریں۔بورڈ نے واضح کیا کہ یہ احتجاج جمہوری، پُرامن اور قانون کے دائرے میں ہوگا تاکہ مسلمانوں کے جذبات اور تحفظات کو حکام تک پہنچایاجاسکے۔ ۔