داونگیرے میں ایس بی آئی سے 13 کروڑ کے سونے کی چوری
6 ملزمان گرفتار، 17 کلوگرام سونا ضبط
داونگیرے/بنگلور، 31 مارچ (حقیقت ٹائمز)
داونگیرے ضلع کے نیامتی میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی ایک شاخ میں پیش آنے والا سنسنی خیز چوری کا معمہ آخرکار حل کر لیا گیا۔ پولیس نے پانچ ماہ کی انتھک محنت کے بعد اس بین الاقوامی طرز کی واردات میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 17 کلو گرام سونا برآمد کر لیا، جس کی مالیت تقریباً 13 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے تکنیکی شواہد، سی سی ٹی وی ڈیٹا اور بین ریاستی ٹول ریکارڈز کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں مختلف مقامات سے گرفتار کیا۔یہ چوری 28 اکتوبر 2024 کو نیامتی میں واقع بینک میں ہوئی تھی، جہاں ملزمان نے انتہائی چالاکی اور مہارت کے ساتھ واردات انجام دی۔ بینک میں داخل ہونے کے لیے انہوں نے کھڑکی کے آہنی جالی کو توڑا اور اسٹرانگ روم میں موجود ایک لاکر کو گیس کٹر کی مدد سے کھول لیا۔ واردات کے دوران ملزمان بینک کے سی سی ٹی وی سسٹم کو ناکارہ بنانے کے لیے ڈی وی آر بھی اپنے ساتھ لے گئے، تاکہ ان کی شناخت ممکن نہ ہو۔ مزید برآں، کسی بھی ممکنہ شواہد کو مٹانے کے لیے انہوں نے بینک میں مرچ پاؤڈر بکھیر دیا تھا۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اس واردات کا ماسٹر مائنڈ وجے کمار تھا، جس نے "منی ہیسٹ" اور دیگر یوٹیوب ویڈیوز سے متاثر ہو کر یہ منصوبہ تیار کیا۔ اس نے 6 سے 9 ماہ تک اس چوری کی مکمل منصوبہ بندی کی اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ کئی دنوں تک بینک کے اطراف کا معائنہ کیا، تاکہ پولیس کی گشت اور دیگر سکیورٹی انتظامات کا اندازہ لگایا جا سکے۔ واردات کے بعد ملزمان نے چوری شدہ سونا مختلف جگہوں پر چھپا دیا، جن میں تمل ناڈو کے ایک 30 فٹ گہرے کنویں سے برآمد ہونے والا 15 کلوگرام سونا بھی شامل ہے۔ باقی سونا جیولری شاپس اور فینانشیل اداروں میں گروی رکھا گیا تھا، جسے پولیس نے اپنی کارروائی میں ضبط کر لیا۔تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزمان کا تعلق اتر پردیش کے بدنام زمانہ کاکرالا گینگ سے ہے، جو جنوبی ہند کے مختلف بینکوں میں چوریوں میں ملوث رہا ہے۔ اس گینگ کے کچھ اراکین 2014 سے 2024 تک کرناٹک اور تلنگانہ میں کئی وارداتوں میں مطلوب تھےپولیس کی اس کامیاب کارروائی کی قیادت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوما پرشانت نے کی۔ پولیس حکام نے کہا کہ جدید تفتیشی تکنیکوں اور مسلسل محنت کے نتیجے میں نہ صرف یہ چوری حل ہوئی بلکہ اس سے جنوبی ہند میں بینک چوریوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا۔ اس کامیابی پر وزیر داخلہ نے اس ٹیم کے دس اراکین کو وزیر اعلی گولڈ میڈل دینے کی سفارش کی ہے، جبکہ ریاستی پولیس کے سربراہ نے نقد انعام کے علاوہ توصیف نامےجاری کرنے کا اعلان کیاہے۔

