Eid in Saudi خلیجی ممالک میں اتوار کو عید الفطر


 

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں اتوار کو عید الفطر

 ہندوستان میں چاند دیکھنے کا انتظار

بنگلور 29/مارچ۔(حقیقت ٹائمز)

سعودی عرب سمیت متعدد خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد اتوار، 30 مارچ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ یمن، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور قطر میں بھی اتوار کو عید منائی جائے گی۔ تاہم، عمان اور ایران میں چاند نظر نہ آنے کی بنا پر 31 مارچ، پیر کو عید منانے کا سرکاری اعلان کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی اور آسٹریلیا میں بھی چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث ان ممالک میں پیر کے روز عید منائی جائے گی۔جبکہ ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت کئی ایشیائی ممالک میں رمضان کے 28 روزے مکمل ہو چکے ہیں۔ اتوار کو 29 واں روزہ ہوگا، جس کے بعد شام میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جائے گا۔ اگر چاند نظر آتا ہے تو قاضی صاحبان اور مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عید الفطر کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے چاند دیکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاکہ رویت کے عمل کو زیادہ مستند اور شفاف بنایا جا سکے۔