ملک بھر میں پیر کو
عید الفطر منائی جائے گی
نئی دہلی/بنگلور، 30 مارچ (حقیقت ٹائمز)
ہندوستان کے مختلف شہروں میں شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر ملک بھر میں عید الفطر 31 مارچ بروز پیر منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور ریاستی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں علماء کرام اور ماہرین فلکیات کی گواہیوں کی روشنی میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ آج 29 رمضان المبارک کو چاند نظر آگیا ہے، اس لیے کل عید منائی جائے گی۔
مرکز ی رویت ہلال کمیٹی کرناٹک نے بھی چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ بنگلور میں کمیٹی کے اجلاس کے بعد مولانا مفتی مقصود عمران رشادی نے اعلان کیا کہ مختلف شہروں سے چاند دیکھنے کی معتبر شہادتیں موصول ہوئیں، جنہیں علمائے کرام نے قبول کیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں اعلان کیا گیا کہ رمضان المبارک 29 روزوں پر مکمل ہوگا اور 31 مارچ
بروز پیر کو عید الفطر منائی جائے گی۔
عید الفطر کے موقع پر علماء کرام نے امت مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور محبت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عید کا دن اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنے، غریبوں اور مستحقین کو خوشیوں میں شریک کرنے اور بھائی چارے کے فروغ کا دن ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ زکوٰۃ اور فطرہ مستحقین تک پہنچانے کا خصوصی اہتمام کریں اور اس مبارک دن کو خوشی، محبت اور ہم آہنگی کے ساتھ منائیں۔ملک بھر میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوں گے، جہاں لاکھوں مسلمان بارگاہِ الٰہی میں سجدہ شکر ادا کریں گے۔ شہروں اور بازاروں میں عید کی خوشیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور ہر طرف ایک پرمسرت ماحول نظر آ رہا ہے۔