ریاست کے عوام کو جھٹکا
دودھ کی قیمت میں 4 روپے کا اضافہ
بنگلورو (حقیقت ٹائمز)
عید اور اگادی کی تیاریوں میں مصروف ریاست کرناٹک کے عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگا ہے، کیونکہ نندنی دودھ کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔یکم اپریل سے اس کا اطلاق ہونے والا ہے،کرناٹکا ملک فیڈریشن (KMF) نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کسانوں کے مفاد اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد نندنی دودھ کے مختلف اقسام کی قیمتوں میں بھی رد و بدل ہوسکتا ہے، جس کا اثر عام صارفین پر پڑے گا۔یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پہلے ہی عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے اخراجات میں اضافے کے سبب متوسط اور نچلے طبقے کے لیے زندگی مزید دشوار ہوتی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ نندنی دودھ ریاست کا سب سے مقبول برانڈ ہے اور لاکھوں گھرانوں میں اس کا روزانہ استعمال ہوتا ہے۔ وزیر کو آپریشن کے این راجنا نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے، ان کے مطابق دہی کی قیمت میں بھی اس کا اطلاق ہوگا۔