Bidar: Three Held for Theft at Judge’s Residence بیدر میں جج کے گھرچوری ، مہاراشٹرا سے تین گرفتار

بیدر میں سول جج کے گھر چوری؛ مہاراشٹرا کے پردی گینگ کے تین افراد گرفتار

بیدر: (حقیقت ٹائمز)

شہر کے جنواڑ روڈ پر واقع دوسرے اڈیشنل سول اور جے ایم ایف سی-2 عدالت کے جج ایم ڈی شائج چوتھائی کے گھر میں ہونے والی چوری کے معاملے کو بیدر ضلع پولیس نے حل کر لیا ہے اور مہاراشٹرا کے پردی گینگ کے تین افراد کو منگل کے روز گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کا تعلق مہاراشٹرا کے اورنگ آباد سے ہے، جن میں سے دو باپ بیٹے ہیں۔ جبکہ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والا ایک اور ملزم مفرور ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان سے ₹1.77 لاکھ مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا ہے، جس میں 10 گرام وزنی سونے کی چین، دو سونے کے کنگن، 20 گرام کی چاندی کی چین، 30 گرام کی چاندی کی انگوٹھی، ایک نیلے رنگ کا ایئربیگ، ایک لوہے کی راڈ اور ایک اسکرو ڈرائیور شامل ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گُنٹی نے منگل کو شہر میں پریس کانفرنس کے دوران یہ تفصیلات فراہم کیں۔انہوں نے بتایا کہ 31 مارچ کی رات جب جج کے گھر میں کوئی موجود نہ تھا، تو ملزمان نے تالے توڑ کر زیورات چوری کر لیے تھے۔ اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تین خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے عمدہ کام انجام دیا۔سی سی ٹی وی کیمروں میں قید مناظر اور اے آئی کمانڈ سینٹر سے حاصل کردہ معلومات کی مدد سے ان تینوں کو مہاراشٹرا کے اُدگیر ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان واردات سے قبل تین چار دن تک جج کے گھر کے اطراف چکر لگاتے رہے اور مکمل معلومات حاصل کرتے رہے۔ وہ روزانہ مہاراشٹرا سے ٹرین کے ذریعے آتے اور واپس چلے جاتے۔ واردات کے دن انہوں نے تلنگانہ کے ویکارآباد میں بھی چوری کی تھی۔ ان پر پہلے بھی شراب سے متعلق مقدمات درج ہیں اور وہ کچھ دیگر چوریوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ پولیس یہ جانچ کر رہی ہے کہ دیگر ریاستوں میں ان کے خلاف مزید مقدمات تو درج نہیں ہیں۔واقعے کے بعد تلنگانہ پولیس کی مدد بھی لی گئی تھی، مگر بالآخر بیدر ضلع پولیس نے کامیابی سے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی کی قیادت نو تعمیر شدہ شہر تھانے کے انسپکٹر وجے کمار نے کی، جبکہ پی ایس آئی پربھاکر پاٹل، پرکاش، ملیکارجن، ننگپا الہاپور، گاندھی گنج تھانے کے نوین، گنگادھر اور عمران نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ایس پی پرادیپ گُنٹی نے بتایا کہ بیدر ضلع کی مہاراشٹرا اور تلنگانہ سے سرحدیں ملتی ہیں، جس کی وجہ سے ملزمان سڑک کے ذریعے آ کر واردات کرتے اور فرار ہو جاتے تھے۔ اسی وجہ سے سرحدی علاقوں میں 24 گھنٹے 6 چیک پوسٹ اور 5 بین اضلاع چیک پوسٹ قائم کیے گئے ہیں۔ چونکہ جج کے گھر چوری کرنے والے ملزمان نے ریلوے کا استعمال کیا، اب ریلوے اسٹیشن کی سرگرمیوں پر بھی سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہارات کے گشت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ 'چیٹا' گاڑیاں مسلسل گشت کریں گی تاکہ کسی بھی طرح کی مجرمانہ سرگرمی نہ ہو۔