Bike Taxi Operations Stopped by Karnataka Govt کرناٹک میں بائیک ٹیکسی سروس بند

 کرناٹک میں بائیک ٹیکسی خدمات معطل

 عدالت کے حکم پر فوری کارروائی

بنگلورو 26 اپریل (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک میں رَیپیڈو اور اوبر جیسی بائیک ٹیکسی سروسز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ احکامات ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے سکریٹری اور کمشنر کو خط بھی ارسال کیا گیا ہے، جس میں ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی ریاست بھر میں آٹو رکشہ اور کیب ڈرائیوروں کی کئی سالہ جدوجہد کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔واضح رہے کہ اوبر انڈیا سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ، اے این آئی ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کمپنیوں نے ریاستی حکومت سے موٹر سائیکلوں کو بطور ٹرانسپورٹ وہیکل رجسٹر کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے کرناٹک ہائی کورٹ نے 2 اپریل کو حکم جاری کیا تھا کہ چھ ہفتوں کے اندر ریاست میں بائیک ٹیکسی خدمات بند کی جائیں۔ہائی کورٹ نے 1988 کے موٹر وہیکلز ایکٹ کی دفعہ 93 کے تحت متعلقہ ضوابط کی عدم موجودگی کی بنیاد پر یہ حکم دیا تھا کہ جب تک مناسب قوانین وضع نہیں کیے جاتے، بائیک ٹیکسیوں کا چلانا ممکن نہیں ہوگا۔ عدالت نے ریاستی حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی تھی کہ تمام بائیک ٹیکسی آپریشنز کو مقررہ مدت کے اندر روک دیا جائے۔ رام لنگا ریڈی نے عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ضوابط مرتب کرنے کے لیے تین ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایپ پر مبنی پلیٹ فارمز کے لیے واضح قواعد کے نہ ہونے سے صارفین میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا تھا، جسے ختم کرنے کے لیے ضوابط بنانا ضروری ہے۔