ارکان اسمبلی کی معطلی کے خلاف احتجاج
بنگلور، 2 اپریل (حقیقت ٹائمز)
اپوزیشن لیڈر آر اشوک کی قیادت میں بی جے پی نے اپنے 18 ارکان اسمبلی کی معطلی کے خلاف ودھان سودھا کے روبرو زبردست احتجاج کیا۔ احتجاجی ارکان اسمبلی نے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ معطلی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔آر اشوک نے کہا کہ اپوزیشن ارکان نے مسلمانوں کو دی گئی ریزرویشن کے خلاف اور ہنی ٹریپ معاملے کی مذمت میں احتجاج کیا تھا، لیکن حکومت نے اسپیکر کے ذریعے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسپیکر یو ٹی قادر نے دانستہ طور پر کانگریس حکومت کی حمایت میں فیصلہ دیا ہے تاکہ کابینہ میں جگہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معطلی کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو اپوزیشن اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھے گی۔ بی جے پی کے کئی دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے حکومت پر جمہوری اقدار کو پامال کرنے کا الزام لگایا۔