وقف ترمیمی قانون سے متعلق مشاورتی اجلاس
انجمن اسلامیہ چکمگلور کی جانب سے سپریم کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کرنے کا اعلان
چکمگلور، 10 اپریل (فیروز نشیمن)
انجمن اسلامیہ چکمگلور اور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے زیرِ اہتمام 9 اپریل، بروز منگل، نمازِ مغرب کے بعد صدر انجمن شیراز خان اور چیرمین محمد شاہد رضوی کی صدارت میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد مرکزی حکومت کی جانب سے مجوزہ وقف ترمیمی قانون پر غور و خوض اور آئندہ لائحہ عمل طے کرنا تھا۔اجلاس میں شہر کے تمام مساجد کے متولیان، دینی تنظیموں، مدارس و اداروں کے عہدیداران، علمائے کرام، جماعت اسلامی ہند، اہلسنت الجماعت، جمعیت علماء ہند، شافعی مساجد کے نمائندگان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ سی ڈی اے چیرمین نیاز احمد بھی اجلاس میں شریک رہے۔اجلاس میں وقف ترمیمی قانون کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور شرکاء کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ متفقہ طور پر یہ فیصلہ لیا گیا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی رہنمائی اور ہدایت پر عمل کیا جائے، اور ضلع چکمگلور کی نمائندگی کے لیے انجمن اسلامیہ چکمگلور کی زیرِ سرپرستی ایک ایکشن کمیٹی قائم کی جائے۔مزید یہ بھی طے پایا کہ انجمن اسلامیہ چکمگلور کی جانب سے سپریم کورٹ میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف ایک رِٹ پٹیشن دائر کی جائے گی، تاکہ قانونی سطح پر بھی اس قانون کی مخالفت کی جا سکے۔اجلاس کا آغاز حافظ ریاض خان (نائب صدر) کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، نظامت اکبر خان نے کی، جبکہ اظہارِ تشکر انجمن کے سکریٹری ابرار خان نے ادا کیا۔ اجلاس کا اختتام مولانا خواجہ محی الدین (مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن) کی دعا پر ہوا۔