چکمگلور میں عازمینِ حج کے لیے ٹیکہ اندوزی و تربیتی پروگرام حج کمیٹی کے افسران کی شرکت
چکمگلور۔24 اپریل (فیروز نشیمن)
خادم الحجاج کمیٹی چکمگلور کے زیر اہتمام اور شیخ فریدالدین کنونیر و محمد شاہد رضوی (چیئرمین ضلعی وقف بورڈ) کی سرپرستی و قیادت میں چکمگلور شہر میں عازمینِ حج کے لیے ٹیکہ اندوزی اور تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ فرقانیہ شادی محل، چکمگلور میں منعقد تقریب میں ضلع بھر کے تمام عازمینِ حج نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران ضلع سرجن کی نگرانی میں تمام عازمین کو حفاظتی انجکشن دیے گئے۔ بعد ازاں، ریاستی حج کمیٹی بنگلور نے توقیر احمد (آفیسر) نے تمام عازمین میں ہلیتھ کارڈز اور ضروری دستاویزات کی تقسیم عمل میں لائی۔پروگرام کا آغاز حافظ و قاری محمد مزمل، خطیب و امام مسجد تاجران، کی خوش الحان تلاوت کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد حافظ و قاری اشرف علی خان نے نعتِ رسولِ مقبول پیش کی۔ صدارت مولانا خواجہ محی الدین رشادی، مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن، نے کی۔ مولانا رشادی، حافظ اشرف علی خان، اورنگزیب عالمگیر اور حافظ عبدالرؤف نے مناسکِ حج و عمرہ، سفرِ مدینہ منورہ کے آداب اور اہم رہنمائی پر مبنی جامع بیانات پیش کیے۔اس موقع پر خادم الحجاج کمیٹی کے اراکین میں محمد حنیف ، ڈاکٹر آغا گلریز، شکیل احمد، الحاج آر۔ اے۔ سلیم، بشیر خان، عتیق احمد، مسعود احمد (متولی اعظم پور)، سلیم احمد (وزڈم اسکول)، مقصود احمد، آر۔ کے۔ حسین احمد، سلمان ، اکرم پاشاہ، کے۔ محمد داؤد سمیت دیگر کارکنان نے عازمینِ حج کی خدمت میں بھرپور حصہ لیا۔پروگرام کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے تمام عازمین کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔