CM Siddaramaiah Announces Permanent Jobs for Sanitation Workers وزیر اعلیٰ سدارامیا کا صفائی ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان

ریاست بھر کے صفائی ملازمین کی ملازمتیں مستقل ہوں گی: وزیر اعلیٰ کا اعلان

بیلگام، 20 اپریل (حقیقت ٹائمز)

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے آج اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر کے تمام صفائی ملازمین کو مستقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وہ بیلگام کے ٹلک واڑی علاقہ میں اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت تعمیر کردہ کلا مندر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "ہماری حکومت نے ہی سب سے پہلے کنٹراکٹ پر کام کرنے والے صفائی ملازمین کو کم از کم اجرت کے دائرے میں لایا ہے، اور اب ان کی ملازمت کو مستقل کرنا بھی ہماری حکومت ہی کا قدم ہے۔"انہوں نے مزید بتایا کہ اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت بیلگام میں 150 ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جن میں سے 102 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 6928 کروڑ روپے کی لاگت سے بیلگام میں مختلف ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ ریاستی حکومت بیلگام کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے سنجیدہ اور مستقل مزاجی سے کام کر رہی ہے، اور شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔