CM Siddaramaiah Slams PM Modi: "No Jobs Despite Big Promises" "ہم نوجوانوں کو حقیقتاً روزگار دے رہے ہیں، صرف نعرے نہیں": سدارامیا

سالانہ دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ جھوٹا نکلا

 وزیراعلیٰ سدارامیا کا مودی حکومت پر شدید اعتراض

کلبرگی، 16 اپریل (حقیقت ٹائمز)

وزیراعلیٰ سدارامیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن دس سال میں بیس کروڑ ملازمتوں کی بجائے بیس لاکھ نوکریاں بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے اس وعدے کو ’بڑا جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو بری طرح دھوکہ دیا گیا ہے۔سدارامیا آج کلبرگی میں منعقدہ روزگار میلے میں خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے کَلْیَان کرناٹک کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان گریجویٹس کو تقرری نامے بھی تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ "ہم نے جو وعدے کیے، وہ پورے کیے۔ ہماری پانچ گارنٹی اسکیمیں نافذ کی جا چکی ہیں، جن میں ’یُووا نِدھی‘ اسکیم بھی شامل ہے۔ اس کے تحت نوجوانوں کو بھتہ، ہنر کی تربیت اور ملازمت فراہم کی جا رہی ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ مارکٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر پیدا کرنے کے لیے وزیر طبی تعلیمات و ہنرمندی شرن پرکاش پرکاش پاٹل کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے تاکہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو یقینی روزگار مل سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ریاست کے مختلف علاقوں میں روزگار میلوں کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ روزگار فراہم کرنے والے اور تلاش کرنے والے افراد کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لایا جا سکے۔انہوں نے مرکزی حکومت پر نوجوانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا، "مرکز نہ سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے، نہ روزگار پیدا کر رہا ہے۔ ہماری حکومت نوجوانوں کے ہاتھوں میں روزگار دے کر ان کا مستقبل سنوارنے کی کوشش کر رہی ہے۔"