کرناٹک کی ترقی میں سرکاری ملازمین کا کردار قابلِ ستائش: سدارامیا
جمہوری اداروں کا کام آئین کے مقاصد کی تکمیل ہونا چاہیے,روہت ویمولا قانون پر غور
بنگلور، 21 اپریل (حقیقت ٹائمز)
وزیر اعلٰی سدارامیا نے آج کہا کہ کرناٹک ایک ترقی پسند ریاست ہے، اور اس ریاست کی معاشی ترقی میں بیشتر سرکاری ملازمین کی دیانت داری اور فرض شناسی کا اہم کردار ہے۔ ریاست جی ایس ٹی وصولی میں ملک بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، جو اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے ملازمین کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔وہ ودھان سودھا کے بینکوئٹ ہال میں "یوم ریاستی سرکاری ملازمین " منانے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس کا اہتمام محکمہ ڈی پی اے آر اور ریاستی سرکاری ملازمین یونین نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس موقع پر سال 2023 کے ریاستی سطح کے بہترین خدمات کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ کہ "آئین کے مطابق انتظامیہ، مقننہ، عدلیہ اور میڈیا جیسے جمہوری ادارے اگر ایمانداری سے کام کریں تو آئینی اقدار اور مقاصد کی تکمیل ممکن ہے۔ ہمیں آئین کے دیے ہوئے سیکولر نظریے پر قائم رہتے ہوئے ذات پات کی عدم مساوات کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔"وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدھ، بسوا، گاندھی اور امبیڈکر کے خیالات کو آئین میں سمویا گیا ہے۔ ہمیں ان رہنماؤں کی تعلیمات کے مطابق اپنے فرائض کو نبھانا چاہیے۔انہوں نے ایوارڈ یافتہ ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 5.5 لاکھ سرکاری ملازمین کے لیے یہ ایوارڈ یافتگان ایک مثال بنیں۔ ان پر اب زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اور تمام ملازمین کو چاہیے کہ فرض شناسی سے عوامی خدمت کو مزید مؤثر بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہمیں اقتصادی اور سماجی آزادی حاصل نہیں ہوتی، محض سیاسی آزادی بامعنی نہیں ہو سکتی۔ اس لیے ہمیں عدم مساوات کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
روہت ویمولا قانون پر غور
ایک اور موقع پر اہم بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روہت ویمولا قانون کے مسودے کی تیاری کے لیے قانونی مشیروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کو اس سلسلے میں خط بھی ارسال کیا گیا ہے، اور اس قانون کو جلد متعارف کرانے کی کوشش جاری ہے۔
قصوروار افسران کے خلاف کارروائی
جب ایک صحافی نے سی ای ٹی امتحان دینے والے طلبہ کے جنیوار (برہمنوں کا مقدس دھاگہ) اتارنے کے واقعہ پر سوال کیا تو وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔