CM to Inaugurate Major Infrastructure Works in Bidarوزیراعلیٰ کا بیدر دورہ

 بیدر میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور ہوائی پرواز کی بحالی ،تیاریوں کا جائزہ 

 (بیدر، 13 اپریل( نامہ نگار

کرناٹک کے وزیر جنگلات، ماحولیات اور ضلع انچارج ایشور کھنڈرے نے کہا کہ بیدر ضلع کی ترقی کو ایک نئی سمت دینے کے لیے وزیر اعلیٰ سدارمیا 16 اپریل کو بیدر پہنچ کر مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر بیدر-بنگلور ہوائی پرواز کا دوبارہ آغاز بھی عمل میں لایا جائے گا، جس کے لیے حکومت نے 14 کروڑ روپے منظور کیے ہیں۔ یہ پرواز مرکزی حکومت کی ’اڑان‘ اسکیم کی سبسڈی ختم ہونے کے بعد بند ہو گئی تھی۔ اب ریاستی حکومت کی مدد سے اسے بحال کیا جا رہا ہے۔وزیر موصوف نے ضلع پنچایت دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیراعلیٰ 16 اپریل کو شام 4 بجے بیدر ہوائی اڈے پر پہنچ کر پرواز کا افتتاح کریں گے اور 17 اپریل کو صبح 5 منتخب مسافروں کو بورڈنگ پاس دے کر اس نئی شروعات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزراء رام لنگا ریڈی، ایچ کے پاٹل، دنیش گنڈو راؤ، پریانک کھڑگے، ضمیر احمد خان، رحیم خان، اراکینِ اسمبلی، کونسل اراکین اور دیگر عوامی نمائندے شریک ہوں گے۔ ایشور کھنڈرے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بیدر ضلع میں تقریباً 2025 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے، جن میں بجلی، سڑک، پانی، تعلیم، صحت، ماحولیات، کھیل اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ ان میں کئی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ کئی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں مہاکر آبپاشی اسکیم، دیہی پینے کے پانی کی اسکیم، پارکوں کی ترقی، سیوریج نظام کی بہتری، سڑک و پل کی تعمیر، تعلقہ سطح کے دفاتر، طبی سہولیات، اسپورٹس کمپلیکس، ٹریفک ٹریننگ ٹریک، طلبہ ہاسٹل اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ بیدر ایک تاریخی اور سیاحتی مقام ہے، جہاں انو بھو منٹپ، نرسمہا سوامی مندر، نانک جیرا گردوارہ، محمد گوان مدرسہ جیسے مقامات مذہبی ہم آہنگی اور سیاحت کی علامت ہیں۔ یہاں کی ترقی پورے ریاست کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کا اصل منتر ترقی ہے اور وزیر اعلیٰ کلیان کرناٹک جیسے پسماندہ علاقوں کو ترجیح دے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بیدر جیسے سرحدی ضلع کے لیے اتنی بڑی رقم مختص کی گئی ہے۔پریس کانفرنس میں وزیر براۓ بلدی انتظامیہ و حج رحیم خان، ضلع کلکٹر شلپا شرما، ضلع پنچایت چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گریش ایڈولے، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پردیپ گنتی اور دیگر افسران موجود تھے۔