چکمگلور میں کانگریس کا احتجاج
گیس و ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر مرکز پر برہمی
چکمگلور12 اپریل (فیروز نشیمن)
چکمگلور شہر میں کانگریس پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ منظم کیا گیا۔ مظاہرے کا مقصد پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف عوامی ناراضگی کا اظہار کرنا تھا۔مظاہرین نے ہنومنتھپا سرکل سے مارچ شروع کیا اور رسیوں سے سلنڈر، لکڑی اور گاڑیاں کھینچتے ہوئے آزاد سرکل تک پہنچے۔ اس دوران مظاہرین نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر قیمتوں میں کمی اور عوامی راحت کے مطالبات درج تھے۔
احتجاجی ریلی سے ضلع کانگریس صدر ڈاکٹر کے پی امشومنت، کانگریس لیڈر ایچ ایچ دیوراج ارس اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر امشومنت نے کہا کہ "مرکزی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اڈانی اور امبانی جیسے کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔" انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ایچ ایچ دیوراج ارس نے کہا کہ بی جے پی نے مختلف ریاستوں میں کانگریس کی ضمانتوں کی نقل کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا، لیکن آج عوام کے مسائل سے آنکھیں چرا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی کے لیڈران کو اخلاقیات کا سبق پڑھانے کا کوئی حق نہیں۔ کسان، مزدور، خواتین اور طلبہ کے مسائل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔"
احتجاج میں نیاز احمد (چیئرمین سی ڈی اے)، نذیر احمد کالو با، شاداب (منسپل کونسلر)، منیر (منسپل کونسلر)، گائتری شانتے گوڑا (سابق ایم ایل سی)، ڈی ایل وجے کمار، اکبر احمد، شہاب الدین اور دیگر اہم شخصیات شریک رہیںکانگریس کارکنوں کا کہنا تھا کہ جب تک عوام کو مہنگائی سے ریلیف نہیں دیا جاتا، احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔