COVID Scam Exposed کرونا خریداری میں اربوں کا گھپلہ

کرونا خریداری میں اربوں کا گھپلہ؟

 جسٹس کنہا کی رپورٹ نے بی بی ایم پی کی قلعی کھول دی 

بنگلورو: 5 اپریل (حقیقت ٹائمز)

کووِڈ-19 وبا کے دوران خریداری میں مبینہ بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے تشکیل جسٹس جان مائیکل ڈی. کنہا تحقیقاتی کمیشن نے اپنی دوسری عبوری رپورٹ وزیراعلیٰ سدارامیا کو آج پیش کی۔یہ رپورٹ مجموعی طور پر سات جلدوں پر مشتمل ہے، جن میں سے چار جلدیں براہ راست بروہت بنگلورو مہا نگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے دائرہ کار میں پیش آئے گھوٹالوں اور بدعنوانیوں سے متعلق ہیں۔بی بی ایم پی کے بوممنہلی، ساؤتھ زون، ویسٹ زون اور یلہنکا زون میں ہوئی مبینہ بے ضابطگیوں کی تفصیلات کو ہر زون کے لحاظ سے الگ الگ جلد میں شامل کیا گیا ہے۔باقی تین جلدوں میں بنگلور اربن ضلع، بنگلور رورل ضلع، اور گدگ و کوپل اضلاع میں پیش آئے مالی گھوٹالوں کی تفصیلات شامل ہیں۔اس موقع پر کرناٹک حکومت کی چیف سکریٹری شالنی رجنیش بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ موجود تھیں۔ رپورٹ کے مطابق، یہ صرف عبوری نتائج ہیں اور مکمل رپورٹ آئندہ دنوں میں پیش کی جائے گی۔یاد رہے کہ سابقہ بی جے پی حکومت کے دوران کووڈ بحران کے بہانے کیے گئے خرچ اور خریداریوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے تھے، جس کے بعد موجودہ کانگریس حکومت نے ان الزامات کی مکمل تحقیقات کے لیے جسٹس کنہا کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا تھا۔