Development Continues Alongside Guarantee Schemes: CM Siddaramaiah گارنٹی اسکیموں کے باوجود ترقیاتی عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں

 گارنٹی اسکیموں کے ساتھ ترقیاتی منصوبے بھی جاری ہیں.سدارامیا

پریاپٹنا میں کروڑوں روپیوں کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح

پیریاپٹنا، 27 اپریل (حقیقت ٹائمز)

وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ ریاستی حکومت گارنٹی اسکیموں کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں پر بھی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، جس سے عوام خوش ہیں اور بی جے پی کو یہی بات کھل رہی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور مختلف محکموں کے اشتراک سے 439.88 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہزاروں مستحقین میں مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت سہولتیں بھی تقسیم کی گئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیریاپٹنا ایک زرعی علاقہ ہے، اس لیے 300 سے زائد کسانوں کو 100 کروڑ روپے مالیت کے زرعی آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ ریاست میں پچھلے سال بارش اچھی ہوئی تھی اور اس سال بھی اچھی بارش کی امید ہے، جس سے کسانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کو گارنٹی اسکیموں کے تحت ہر ماہ 5 سے 6 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت کے ترقیاتی کاموں کا فائدہ عوام تک مسلسل پہنچ رہا ہے، جب کہ بی جے پی محض الزام تراشی اور جھوٹے بیانات میں مصروف ہے۔سدارامیا نے سابقہ بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف مذہب اور دیوی دیوتاؤں کے نام پر اپنی ناکامیوں کو چھپاتے رہے اور عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اپنا وقت ضائع کیا۔