DyCM Shivakumar Unveils Kionics' Digital Procurement Platformٹیکنالوجی سے ترقی، حکومت کے محکموں کے لیے شفاف خریداری

 کیونکس کے نئے ای-کامرس پورٹل کا افتتاح

 ڈی. کے. شیوکمار کا دیہی نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے پر زور

بنگلورو، 21 اپریل (حقیقت ٹائمز)

ریاست کرناٹک کے معتبر سرکاری ادارے کیونکس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت کے طور پر اپنا جدید ای-کامرس پورٹل متعارف کرایا ہے۔ اس پورٹل کا باقاعدہ افتتاح ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی. کے. شیوکمار نے انجام دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی. کے. شیوکمار نے کہا کہ آج کی دنیا میں ترقی کا راستہ صرف اور صرف ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ہی دولت، روزگار اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لانے کے لیے اُن کی پیشہ ورانہ تربیت اور تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضہ ہے۔اس موقع پر ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات، پنچایت راج اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پریانک کھرگے نے اس موقع پر بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے کیونکس کو جن مسائل کا سامنا تھا، اُن کے حل کی سمت میں یہ ای-کامرس پورٹل ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم حکومت کے مختلف محکموں کو مسابقتی اور شفاف قیمتوں پر مطلوبہ اشیاء کے حصول میں مدد دے گا۔اس موقع پر کیونکس کے چیرمین شرت بچے گوڈا نے کہا کہ ادارے کی تمام سرگرمیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل جاری ہے، تاکہ ٹینڈر کے عمل میں شفافیت، آسانی اور قانون کے مطابق خریداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پورٹل کی مدد سے کیونکس ایک نئے انداز، نئی سوچ اور بلند مقاصد کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے گا۔اس موقع پر کیونکس ادارے میں مختلف عہدوں پر منتخب ہونے والے امیدواروں کو نائب وزیراعلیٰ ڈی. کے. شیوکمار اور وزیر پریانک کھرگے نے تقرری نامے تقسیم کیے۔پروگرام میں محکمہ آئی ٹی کی سیکرٹری ایکروپ کور بھی موجود تھیں۔