E-Khata Campaign to Legalize Properties: Minister Priyank Kharge ای کھاتہ مہم سے جائیدادوں کو قانونی حیثیت — وزیر پرینک کھرگے

 ای کھاتہ مہم کے ذریعے املاک کو قانونی حیثیت — وزیر پرینک کھرگے کا اعلان

کلبرگی، 7 اپریل : (حقیقت ٹائمز)

ریاستی حکومت نے املاک کے انتظام کو سادہ، شفاف اور مضبوط بنانے کے لیے "ای کھاتہ" اور "بی کھاتہ" نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت جائیدادوں کو قانونی ملکیت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ بات دیہی ترقی و پنچایت راج کے وزیر اور ضلع کے انچارج وزیر پرینک کھرگے نے کہی. میونسپل کارپوریشن کے اندرا میموریل بھون میں منعقدہ ای کھاتہ مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں کل 11.50 لاکھ املاک کو ٹیکس کے دائرے میں لایا گیا ہے، جس کے ذریعے ریاست کو 1,272 کروڑ روپے ٹیکس آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ یہ رقم دیہی علاقوں میں بنیادی ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں بھی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے باوجود اکثر جائیدادیں قانونی ملکیت کے درجے سے محروم رہتی تھیں۔ اب "ای کھاتہ" اور "بی کھاتہ" نظام کے تحت شہری اور دیہی دونوں علاقوں کی املاک کو باضابطہ طور پر ملکیتی اسناد فراہم کی جا رہی ہیں۔پرینک کھرگے نے کہا کہ اس مہم سے ہر فرد کو فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ اس سے نہ صرف قانونی سیکیورٹی حاصل ہوگی بلکہ جائیدادوں کی مالی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دو ماہ کے اندر کلبرگی کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے بلیو پرنٹ تیار کیا جائے گا، جس میں شہری خوبصورتی، صنعتی ترقی، سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت سمیت دیگر شہری سہولیات شامل ہوں گی۔تقریب کے دوران وزیر موصوف نے علامتی طور پر شہریوں میں "ای کھاتہ" دستاویزات تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم کے علاوہ ،اراکینِ اسمبلی الما پربھو پاٹل، کنیز فاطمہ، تپّناپا کمکنور، چندرشیکھر پاٹل، کوڈا کے صدر مظہر عالم خان اور میونسپل کمشنر اوناش شندے سمیت دیگر معززین شامل تھے۔