Ex-Haj Panel Chief Expelled from BJP for Joining Wakf Protest وقف احتجاج میں شرکت پر سابق حج کمیٹی چیئرمین بی جے پی سے معطل

وقف ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں شرکت کا شاخسانہ 

حج کمیٹی کے سابق چیئرمین رؤف الدین کچیری والا بی جے پی سے چھ سال کے لیے معطل 

بیدر: 26 اپریل (حقیقت ٹائمز)

وقف ترمیمی قانون کے خلاف کانگریس کی جانب سے منعقدہ احتجاج میں شرکت کرنے پر بی جے پی نے اپنے قومی اقلیتی مورچہ کے جنرل سکریٹری اور ریاستی حج کمیٹی کے سابق چیئرمین رؤف الدین کچیری والا کو پارٹی سے چھ سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔بی جے پی ضلع صدر سومناتھ پاٹیل نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ رؤف الدین کچیری والا نے 18 اپریل کو احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پارٹی کی ہدایت کے خلاف کام کیا تھا۔ اس پر انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم مقررہ وقت میں جواب نہ دینے کی بنیاد پر ریاستی بی جے پی ڈسپلنری کمیٹی کے صدر لنگراج پاٹیل کی سفارش پر انہیں تمام عہدوں سے برطرف کرتے ہوئے چھ سال کے لیے پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ رؤف الدین کچیری والا طویل عرصے سے بی جے پی میں سرگرم رہے ہیں اور وہ کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی معطلی کو اقلیتی سیاست اور بی جے پی میں داخلی اختلافات کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔