Guarantee Schemes Are Congress’s Identity, Not Just Promises: CM بی جے پی کی ’جن آکرش یاترا‘ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کا ڈرامہ: سدارامیا

 بیدر میں 2025 کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

گارنٹی اسکیمیں کانگریس کا وعدہ نہیں، شناخت ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا

بیدر، 16 اپریل (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے آج بیدر میں 2025 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس حکومت نے اپنی تمام انتخابی گارنٹی اسکیموں کو عملی جامہ پہنایا ہے اور ریاست کی مالی حالت مکمل طور پر مستحکم ہے۔انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جو کہا، وہ کیا۔ بی جے پی اور وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ ان گارنٹی اسکیموں سے ریاست دیوالیہ ہو جائے گی، لیکن آج ہم ثابت کر رہے ہیں کہ کرناٹک مالی طور پر مضبوط ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال کا بجٹ 3.71 لاکھ کروڑ روپے کا تھا اور رواں سال 4.09 لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریاست دیوالیہ ہوتی تو 83 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ممکن نہ ہوتی۔

دارامیا نے بی جے پی کی ’جن آکرش یاترا‘ کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد عوام کی توجہ مہنگائی جیسے اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم مودی کے وعدہ کردہ اچھے دن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب منموہن سنگھ کی حکومت تھی تو پٹرول 73 روپے اور ڈیزل 46 روپے میں تھا۔ آج قیمتیں 90 روپے سے بھی اوپر ہیں جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 35 ڈالر تک آ گئی ہے۔"انہوں نے سوال کیا کہ جب 2014 سے پہلے رسوئی گیس کا سلنڈر 420 روپے کا تھا تو آج اس کی قیمت 1000 روپے سے زیادہ کیوں ہو گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گارنٹی اسکیموں کے لیے پچھلے سال 52,009 کروڑ روپے اور اس سال 50,018 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ہم نے بجٹ میں گارنٹی اسکیموں اور ترقیاتی کاموں دونوں کے لیے علیحدہ رقم مختص کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فنانشل رسپانسبلیٹی ایکٹ کے تینوں مالیاتی معیارات پر کرناٹک کی حکومت پوری اترتی ہے ، جیسے ریونیو سرپلس اور قرض کا جی ڈی پی کے 25 فیصد کے اندر ہونا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی جھوٹ بولنے میں ماہر ہے۔ ان کے لیے جھوٹ ہی دیوتا ہے۔ وہ مسلسل میرے خلاف، حکومت کے خلاف، اور اسکیموں کے خلاف جھوٹی مہم چلا رہی ہے۔ لیکن عوام نے ہمیں ضمنی انتخابات میں بھی کامیاب کر کے ان کا جواب دے دیا ہے۔انہوں نے بیدر کے ترقیاتی منصوبوں میں وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے اور مقامی ایم ایل اے و وزیر بلدی انتظامیہ و حج رحیم خان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیدر کو حقیقی معنوں میں کرناٹک کا تاج بنائیں گے۔