حج 2025۔ سعودی عرب کا گرمی سے تحفظ کے لیے نیا منصوبہ
عازمین حج کے لیے رہنما ہدایات جاری
ریاض، 24 اپریل (حقیقت ٹائمز)
سعودی عرب نے حج 2025 کے پیش نظر گرمی کی شدت سے عازمین حج کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک جامع منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ وزارت حج و عمرہ اور حج آگاہی مرکز کے باہمی اشتراک سے پورے ملک میں ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ لاکھوں حاجیوں کو شدید درجہ حرارت میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات میں حاجیوں کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا باقاعدگی سے استعمال کریں، اور وقتاً فوقتاً سایہ دار یا ٹھنڈی جگہوں پر آرام کریں۔ سر کو ڈھانپنے کے لیے کپڑا یا چھتری کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ براہِ راست سورج کی تپش سے بچا جا سکے۔شدید گرمی کے دوران صحت کو لاحق خطرات سے بچانے کے لیے حکومت نے مسجد الحرام سمیت دیگر اہم مقامات پر پہلے سے ہی کولنگ سسٹم نصب کر دیے ہیں جن میں ٹھنڈے پانی کے اسٹیشن، سایہ دار آرام گاہیں اور مسٹ فینز شامل ہیں۔ مزید یہ کہ حاجیوں کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے سب سے گرم اوقات یعنی صبح گیارہ بجے سے شام چار بجے کے درمیان کھلی جگہوں سے پرہیز کریں، پانی کی مقدار میں اضافہ کریں، وقفے وقفے سے آرام کریں، اور ہلکے، ڈھیلے اور ہوادار لباس پہنیں۔ گرمی سے متاثرہ علامات جیسے چکر آنا، شدید پسینہ آنا یا نقاہت محسوس ہونے پر فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، حکومت کی جانب سے مہیا کردہ پہننے کے قابل ہیٹ مانیٹرنگ ڈیوائسز کا استعمال بھی حاجیوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ جسم کے درجہ حرارت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔منیٰ اور عرفات میں ایئرکنڈیشنڈ خیموں کی فراہمی، ہجوم کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید منصوبہ بندی، اور گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے مقدس مقامات کے اطراف کی سڑکوں پر سفید ٹھنڈک پیدا کرنے والا مواد بچھایا جا رہا ہے۔ پانی اور چھتریوں کی تقسیم کے لیے مخصوص مقامات بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ حاجی دورانِ مناسک سکون، تحفظ اور سہولت کے ساتھ اپنا فریضہ انجام دے سکیں۔ یہ تمام اقدامات اس بات کا مظہر ہیں کہ سعودی حکومت حج کے دوران زائرین کو ہر ممکن راحت اور تحفظ فراہمکرنے کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔ اس دوران سعودی حکومت نے اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا، صرف حج کیلیے آنے والے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔اپریل کے آخری ہفتے سے 10جون 2025 تک صرف حج ویزا ہولڈرز کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ عمرہ، وزٹ ویزا یا سیاحتی ویزا ہولڈرز مکہ مکرمہ میں داخل یا قیام نہیں کر سکتے۔