Ilkal Sees Massive Muslim "الکل میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف مسلمانوں کا احتجاج Protest Over Waqf Rights

 الکل میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف مسلمانوں کا پرامن احتجاج

الکل، 15 اپریل (سلیمان چوبدار)

مرکزی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف آج الکل شہر میں انجمنِ اسلام الکل کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔یہ احتجاجی جلوس بسویشور سرکل سے شروع ہو کر تحصیلدار دفتر تک پہنچا، جہاں پر ایک تفصیلی یادداشت تحصیلدار کے ذریعے حکومت کو پیش کی گئی۔ احتجاجیوں نے ’’Once a Waqf, Always a Waqf‘‘، ’’وقف بچاؤ، دستور کو بچاؤ‘‘، ’’سیاسی مداخلت بند کرو‘‘ جیسے پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے۔احتجاج میں شریک مذہبی و سماجی رہنماؤں نے واضح کیا کہ وقف املاک مسلمانوں کی مذہبی امانت ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا حکومتی مداخلت ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی قانون دستور ہند کی دفعہ 25، 26 اور اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے خلاف ہے ۔انجمنِ اسلام الکل کے ذمہ داران نے اعلان کیا کہ مسلمان اس قانون کی واپسی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے اور دستور و وقف کے تحفظ کے لیے ملک گیر سطح پر قانونی و جمہوری انداز میں تحریک شروع کی جائے گی۔اس احتجاج کی خاص بات یہ رہی کہ مسلم خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ وقف کے تحفظ میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔احتجاج کے اختتام پر تحصیلدار کو پیش کردہ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ وقف مذہبی بنیادوں پر قائم ہے، اس میں کسی قسم کی سرکاری ترمیم یا مداخلت ناقابل قبول ہے۔حکومت فوری طور پر ترمیمی قانون واپس لے اور اقلیتوں کے جذبات کا احترام کرے۔اور وقف املاک کے تحفظ کے لیے مسلم برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔



وقف قانون میں ترمیم کے خلاف الکل میں مسلمانوں کا شاندار مظاہرہ

تصویر: شکیل مُلا