مہیشور راؤ بی بی ایم پی کے نئے چیف کمشنر مقرر
شہر کی ترقی کے لیے نئی حکمت عملی کی توقع
بنگلور: 28 اپریل (حقیقت ٹائمز)
ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کو نیا چیف کمشنر مل گیا ہے۔ حکومت نے سینئر آئی اے ایس افسر مہیشور راؤ کو بی بی ایم پی کا چیف کمشنر مقرر کرتے ہوئے باضابطہ طور پر تقرری کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ مہیشور راؤ ایک تجربہ کار اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل آئی اے ایس افسر سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل ریاست کے مختلف کلیدی عہدوں پر اپنی خدمات انجام دی ہیں، جن میں تجارت و صنعت، تعلیم، اور دیہی ترقیات کے محکمے شامل ہیں۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے انہیں اس اہم ذمے داری کے لیے منتخب کیا ہے۔بی بی ایم پی کے سابق چیف کمشنر کی مدت مکمل ہونے اور چند انتظامی چیلنجز کے پیش نظر حکومت نے تبدیلی کا فیصلہ کیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مہیشور راؤ اپنی تجربہ کاری اور حکمت عملی کے تحت شہر کے بنیادی ڈھانچے، ٹریفک نظام، صفائی ستھرائی، اور میونسپل خدمات میں بہتری لانے کے لیے نئی پالیسیاں متعارف کرائیں گے۔ مہیشور راؤ کے مطابق ان کی اولین ترجیحات میں سڑکوں کی مرمت، کچرے کے مؤثر انتظام، برسات کے پانی کی نکاسی کے مسائل کا حل، اور شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہوگا۔شہر بنگلور کے تیز رفتار پھیلاؤ اور چیلنجنگ شہری مسائل کے تناظر میں ان کی تقرری کو ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ بی بی ایم پی کا انتظام بنگلور جیسے میٹروپولیٹن شہر کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، جہاں کروڑوں کی آبادی روزمرہ سہولیات کی بہتری کی منتظر ہے۔ اب تک بی بی ایم پی کے چیف کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تشار گری ناتھ کو 30 اپریل سے نافذ العمل طور پر محکمہ شہری ترقیات اور محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے طور پر مقرر کیا ہے ۔