تیرہ ہزار کروڑ روپے بینک گھپلہ
مہول چوکسی بیلجیم میں گرفتار، بھارت کی حوالگی کی کوشش جاری
نئی دہلی: 14 اپریل (حقیقت ٹائمز)
13 ہزار کروڑ روپے کے پنجاب نیشنل بینک (PNB) قرض گھپلہ معاملے میں مفرور ہیرے کے تاجر مہول چوکسی کو بیلجیم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری ہندوستانی تفتیشی ایجنسیوں کی جانب سے حوالگی کی درخواست کے تحت عمل میں آئی ہے۔ ان کے وکیل نے گرفتاری کی تصدیق کی ہی ،اور مکمل تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) نے بیلجیم حکومت سے باضابطہ طور پر چوکسی کی حوالگی کی درخواست کی تھی۔اطلاعات کے مطابق، 65 سالہ مہول چوکسی کو 12 اپریل بروز ہفتہ بیلجیم کے شہر اینٹورپ (Antwerp) میں گرفتار کیا گیا۔ وہ وہاں اپنی اہلیہ پریتی چوکسی کے ساتھ ’ریزیڈنسی کارڈ‘ کے تحت مقیم تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوکسی کی طرف سے بیماری اور دیگر وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست دیے جانے کا امکان ہے۔ہندوستانی ایجنسیاں جلد از جلد انہیں بھارت واپس لانے کی کوشش میں مصروف ہیں، تاہم بیلجیم کی عدالتوں میں قانونی پیچیدگیاں اس عمل کو تاخیر کا شکار بنا سکتی ہیں۔ ان تمام پیش رفتوں پر بھارت کی قریبی نظر ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس معاملے میں مزید وضاحت سامنے آئے گی۔