مسلمانوں کے ریزرویشن پر مودی کی گمراہ کن باتیں ناقابل قبول ہیں۔ وزیر اعلیٰ
وزیر اعظم مودی کا بیان جھوٹا اور افسوسناک – سدارامیا کا ردعمل
بنگلورو، 15 اپریل (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے آج ایک سرکاری پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کو سختی سے مسترد کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ’’بابا صاحب امبیڈکر نے مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کی مخالفت کی تھی‘‘۔وزیر اعلیٰ نے اس بیان کو ’’جھوٹا اور افسوسناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو ایسی باتیں کہنے سے پہلے حقائق کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر مودی کے پاس ایسا کوئی ثبوت ہے تو وہ ملک کے عوام کے سامنے پیش کریں، بصورت دیگر معافی مانگیں۔سدارامیا نے وضاحت کی کہ کرناٹک میں مسلمانوں کو دیا گیا ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ ان کی سماجی، تعلیمی اور معاشی پسماندگی کی بنیاد پر ہے، جیسا کہ مختلف سرکاری رپورٹس، خاص طور پر سچر کمیٹی رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کی اتحادی جماعت تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو بھی مسلمانوں کے ریزرویشن کے حامی ہیں۔سدارامیا نے مرکز کے اس فیصلے پر بھی تنقید کی کہ وقف بورڈ میں غیر مسلم افراد کی شمولیت لازمی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی اصول ہندو مندروں اور مٹھوں پر لاگو کرنے کی مانگ اٹھے تو کیا سماجی تصادم پیدا نہیں ہوگا؟انہوں نے وزیر اعظم کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ دلتوں کا کوٹہ کم کر کے مسلمانوں کو ریزرویشن دیا گیا ہے۔ سدارامیا کے مطابق ریاست میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کے ریزرویشن میں اضافہ کیا گیا ہے، کمی نہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے اور قوم میں نفرت پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔