محکمے ریلویز میں 10 برسوں میں 5 لاکھ نوجوانوں کو روزگار — وی سومنا کا بیان
بنگلور، 26 اپریل (حقیقت ٹائمز)
مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے اور آبی وسائل وی سومنا نے کہا کہ ریلوے محکمہ نے مِشن موڈ بھرتی مہم کے تحت 2014 سے 2024 کے درمیان 5.02 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ وہ آج بنگلور میں انکم ٹیکس آفس میں منعقدہ روزگار میلے سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ملک میں روزگار کے مواقع بڑھانے کی مہم کے تحت ریلوے محکمہ ہر سال بھرتی کا شیڈول جاری کر رہا ہے۔ 2024 کے آغاز سے اب تک ریلوے میں تقریباً 71,000 نئی اسامیاں پیدا کی گئی ہیں اور ان پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے حکومت نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں قومی روزگار میلہ بھی شامل ہے۔ اکتوبر 2022 میں وزیر اعظم نے 10 لاکھ سرکاری ملازمتوں کی بھرتی مہم کا آغاز کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان 2025 تک 5 ٹریلین ڈالر اور 2030 تک 7 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے ہدف کی طرف بڑھ رہا ہے، اور اسی مقصد کے تحت حکومت نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافہ، خود روزگاری کی حوصلہ افزائی اور روزگار کی تخلیق کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ موجودہ بجٹ میں وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت روزگار، مہارت سازی اور انٹرن شپ اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے تقریباً 4.10 کروڑ نوجوانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔مسٹر سومنا نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وزیراعظم مدرا یوجنا، وزیراعظم وشواکرما یوجنا اور وزیراعظم وکاس یوجنا جیسے کئی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2015 میں شروع کی گئی مدرا یوجنا کے تحت اب تک 32.61 لاکھ کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جن میں سے صرف کرناٹک میں 3.02 لاکھ کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ 2023 میں شروع کی گئی وزیراعظم وشواکرما یوجنا کے تحت کرناٹک میں تقریباً 1.09 لاکھ ہنرمندوں کو حکومت کی جانب سے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔آج کے روزگار میلے میں انکم ٹیکس محکمے میں 102 اور دیگر محکموں میں 41 امیدواروں کو، مجموعی طور پر 143 نوجوانوں کو تقرری نامے (آفر لیٹر) دیے گئے۔اس موقع پر رکن پارلیمان پی سی موہن اور انکم ٹیکس کے کرناٹک و گوا زون کے پرنسپل چیف کمشنر گنپتی بھٹ نے بھی شرکت کی۔