بیل تھنگڈی میں مسلم برادری کے خلاف توہین آمیز تبصروں پر 47 افراد کے خلاف مقدمات درج
منگلور 17 اپریل (حقیقت ٹائمز)
ضلع دکشن کنڑا کے بیل تھنگڈی میں مسلم برادری کے خلاف سوشل میڈیا پر گستاخانہ اور توہین آمیز بیانات کے الزام میں تقریباً 47 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ یہ بیانات حالیہ دنوں میں ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد منظرِ عام پر آئے، جس میں مبینہ طور پر پیغمبر اسلام ﷺ اور اذان کی شان میں گستاخی کی گئی تھی۔ایس ایس ایف بیل تھنگڈی، اُڈپی ضلع مسلم اوکوٹا اور دیگر مقامی مسلم تنظیموں نے پولیس سے شکایت کی، جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں آئی۔ شکایت گزاروں نے ان ویڈیوز کو مسلم جذبات کو مجروح کرنے اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والا قرار دیا۔پولیس نے تعزیراتِ ہند کی دفعات 153 (فساد کے ارادے سے اشتعال انگیزی)، 153A (مذہبی منافرت کو فروغ دینا)، اور 505 (عوامی شرانگیزی) کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس اور مقامی رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور علاقائی امن قائم رکھنے میں تعاون کریں۔