Siddaramaiah Slams BJP Yatra سدارامیا کا بی جے پی یاترا پر وار

 بی جے پی کی "جن آکروش یاترا" اقتدار کے لالچیوں کی کرسی بچاؤ تحریک: وزیر اعلیٰ سدارامیا

بنگلورو، 7 اپریل (حقیقت ٹائمز)

 وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بی جے پی کی جانب سے شروع کی گئی "جن آکروش یاترا" کو "بی جے پی کی اندرونی رسہ کشی اور کرسی بچاؤ مہم" قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تنقید کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس خصوص میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر بی وائی وجییندر پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "جو شخص خود اپنی ہی پارٹی میں بدعنوانی کے الزامات کی زد میں ہے، اسے حکومت سے سوال پوچھنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔"انہوں نے کہا کہ "بی جے پی کی اس یاترا کا مقصد عوامی مفاد ہرگز نہیں بلکہ صرف ریاستی صدر کی کرسی بچانے کی کوشش ہے۔ پارٹی کے ہی ایک سینئر ایم ایل اے یتنال کی جانب سے وجییندر پر بدعنوانی کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں، جن پر اب تک کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔"وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ہائی کمان وجییندر کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو روکنے کے لیے یتنال کو پارٹی سے نکال چکی ہے، تاکہ ان سے مزید الزامات لگوائے جائیں اور آخرکار وجییندر کو صدارت سے ہٹایا جا سکے۔انہوں نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ریاست نے اتنی نااہل، بے شرم اور عوام دشمن اپوزیشن پارٹی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔"سدارامیا نے کہا کہ "بی جے پی مرکزی حکومت کے سوتیلے کے نتیجے میں ریاست کو اس کے حق کا مرکزی ٹیکس حصہ نہیں مل رہا۔ ریاست کے عوام نے 5 لاکھ کروڑ روپے مرکز کو ٹیکس کی شکل میں دیے، مگر صرف 60 ہزار کروڑ روپے ہی لوٹائے جا رہے ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی کی یاترا کے دوران عوام کا اصل غصہ انہی پر برسے گا، کیونکہ انہوں نے ریاست کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔"وزیر اعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ اگر واقعی بی جے پی کو ریاست کے مفاد کی پرواہ ہے تو اس کے رہنما وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کریں۔ "مرکزی حکومت کرناٹک کے ساتھ دشمن جیسا سلوک کر رہی ہے اور اب نئی حلقہ بندی کے ذریعے ریاست کی آواز کو مزید دبانے کا منصوبہ ہے،" سدارامیا نے کہا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ وہ ایک تعمیری، فعال اور بااصول اپوزیشن کے خواہاں ہیں، تاکہ اگر حکومت سے کوئی غلطی ہو تو اس کی نشاندہی کی جا سکے۔ مگر موجودہ بی جے پی اندرونی خلفشار اور ناکامیوں کے سبب عوام کے درمیان مذاق بن چکی ہے۔