دیہی بچوں کے لیے گرما کی چھٹیوں میں خصوصی کیمپوں کا انعقاد: پریانک کھرگے
بینگلور، 14 اپریل (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے دیہی ترقی و پنچایت راج اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک کھرگے نے آج اعلان کیا ہے کہ ریاست کے تمام گرام پنچایتوں کے "اَروِو مراکز" (مراکزِ آگہی) کے ذریعے اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات کے دوران دیہی علاقوں کے بچوں کے لیے تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں پر مشتمل کیمپوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔وزیر موصوف کے مطابق، اپریل تا مئی 2025 کے درمیان ان 15 روزہ کیمپوں میں بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی تخلیقی، ادبی، سائنسی اور سماجی فہم کو بھی فروغ دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کیمپوں میں پڑھنے، لکھنے، ریاضی، سائنس، قائدانہ صلاحیتوں، اور دیگر مہارتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔پریانک کھرگے نے مزید بتایا کہ ان کیمپوں میں دیہی بچوں کو مقامی ثقافت، طرزِ زندگی، تاریخ، فطرت، اور سماجی ذمہ داریوں سے واقف کرایا جائے گا تاکہ ان میں شعور اور تخلیقی صلاحیت پیدا ہو۔کیمپ کے دوران بچوں کو پرندوں کی پہچان، پانی کے سفر، گاؤں کی تاریخ، مقامی میلے، لوک گیت و کہانیاں، دیہی کھیل، اور فنونِ لطیفہ جیسے موضوعات سے روشناس کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ بچوں کو مقامی اداروں جیسے ڈاک خانہ، دودھ ڈیری، بینک، ویٹرنری اسپتال، آنگن واڑی مرکز، گرام پنچایت اور اسپتالوں کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔وزیر موصوف نے بتایا کہ اَروِو مراکز کے انچارج، پنچایت کے سماجی کارکنان اور مقامی رضاکار ان کیمپوں کے مؤثر انعقاد کے لیے ہمہ وقت متحرک رہیں گے۔ پنچایت ڈیولپمنٹ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کیمپوں کی مؤثر نگرانی کریں اور ہر مقام پر مقامی سطح پر بچوں کی دلچسپی کے مطابق سرگرمیوں کا اہتمام کریں، جیسے قوس و قزح کی تیاری، جیومیٹری کے ماڈل، دیسی کھیل، اور فلکیات سے متعلق مشاہدات وغیرہ۔یہ کیمپ نہ صرف بچوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کو بامقصد اور دلچسپ بنائیں گے بلکہ انہیں ایک بہتر اور باخبر شہری بنانے کی طرف بھی اہم قدم ہوں گے۔