بنگلور میں عازمین حج کے لیے واکاتھون
بنگلور، 03 اپریل (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی، جو حکومت کے زیر نگرانی کام کرنے والا ایک ادارہ ہے، ریاستی عازمین حج کے لیے آسان اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے میں مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
ہر سال ریاستی حج کمیٹی عازمین حج کے آرام دہ اور منظم سفر کے لیے ضلع اور زون کی سطح پر تربیتی پروگرام منعقد کرتی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی، ممبئی کی ہدایت کے تحت، بنگلور شہری ضلع کے منتخب عازمین حج کے لیے 5 اپریل کو صبح 8 بجے حج بھون، بنگلور سے ریوا کالج تک واکاتھون پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس تقریب کا افتتاح وزیر برائے بلدی انتظامیہ و حج رحیم خان کریں گے، جبکہ ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار احمد خان، حج کمیٹی کے اراکین، مسلم برادری کی سرکردہ شخصیات اور دیگر معزز مہمان بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔یہ اطلاع ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیہ میں دی گئی ہے۔