وقف ترمیمی بل ناقابل قبول_تاج الدین شریف
ٹمکور، 13 اپریل (حقیقت ٹائمز)
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا، ٹمکور ضلع کے صدر تاج الدین شریف نے کہا ہے کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں کے مذہبی اور قانونی حقوق پر ایک سنگین حملہ ہے، جس کا مقصد اقلیتوں کی وقف املاک پر سرکاری کنٹرول قائم کرنا اور انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بل کو غیر آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے شدید مخالفت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقف املاک مسلمانوں کی امانت ہیں، جو صدیوں سے دینی، تعلیمی، اور فلاحی مقاصد کے لیے وقف کی گئی ہیں۔ اس بل کے ذریعے حکومت ان جائیدادوں پر غیر ضروری مداخلت کرکے اقلیتوں کے حقوق کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقف ادارے پہلے ہی قانون کے دائرے میں کام کر رہے ہیں، اور کسی بھی ترمیم کے بہانے ان کے اختیارات کو محدود کرنا ناقابل قبول ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس متنازعہ بل کو فوری طور پر واپس لے اور اقلیتوں کے ساتھ انصاف کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بل دونوں ایوانوں میں منظور کر لیا گیا تو یہ مسلمانوں کے دینی و تعلیمی اداروں پر براہ راست منفی اثر ڈالے گا، کیونکہ ان اداروں کی بڑی تعداد وقف جائیدادوں پر قائم ہے۔تاج الدین شریف نے عوام، علمائے کرام، سماجی کارکنوں اور اقلیتی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس بل کے خلاف متحد ہوکر احتجاج کریں اور جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ویلفیئر پارٹی اس مسئلے پر ہر سطح پر جدوجہد کرے گی اور کسی بھی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، جو اقلیتوں کے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کرے۔