چکمگلور میں جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام ہفتہ وار اجتماع اور غیر طرحی مشاعرہ
چکمگلور، 14 اپریل (فیروز نشیمن)
جماعت اسلامی ہند، چکمگلور اور ادارۂ ادب اسلامی کے زیر اہتمام اتوار کے روز "ہدایت سنٹر، اپھلی، چکمگلور" میں ہفتہ وار اجتماع کے ساتھ ایک ادبی نشست یعنی غیر طرحی مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں شہر و بیرونِ شہر سے اردو ادب سے وابستہ افراد اور جماعت کے رفقاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آغاز نعیم احمد کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد مقامی امیر جماعت و ضلع ناظم رضوان خالد نے افتتاحی کلمات میں حاضرین کا خیر مقدم کیا اور ادارہ ادب اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر غیر طرحی مشاعرے کا باقاعدہ آغاز معروف شاعر انور خان انور (ہاسن) کی صدارت میں کیا گیا۔اس مشاعرے میں مختلف شہروں سے آئے ہوئے شعراء نے اپنا کلام پیش کیا، جن میں ارقم مظہری (ہاسن)، علیم اللہ علیم (شیموگہ)، عظمت اللہ عظمت (کڈور)، لطف اللہ ڈلوی مسرور ہاسن، نصرت رحیم نصرت (چکمگلور)، اور سید کبیر احمد کبیر شامل تھے۔ شعراء نے اپنے اشعار میں سماجی بیداری، اصلاحِ معاشرہ، اور انسانی اقدار کے پیغامات کو ادبی پیرایے میں پیش کیا، جسے سامعین نے بڑی توجہ اور دلچسپی کے ساتھ سنا۔نظامت کے فرائض نصرت رحیم نصرت نے انجام دیے، جنہوں نے نہ صرف مشاعرے کو مؤثر انداز میں چلایا بلکہ دورانِ گفتگو "ادب برائے ادب" اور "ادب برائے زندگی" کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے ترقی پسند ادب کے فروغ پر زور دیا۔پروگرام کے آخر میں اظہار تشکر بھی نصرت صاحب نے ہی کیا اور حاضرین سے ادارۂ ادب اسلامی کی ادبی و فکری سرگرمیوں کے تسلسل میں تعاون کی اپیل کی۔یہ پہلا مشاعرہ ادارہ ادب اسلامی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا، جسے ادبی حلقوں میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔