WhatsApp, Instagram, Facebook Face Major Outageواٹس ایپ، فیس بک میں تکنیکی خلل


 واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی خدمات بھی متاثر

نئی دہلی، 12 اپریل: (حقیقت ٹائمز)

دنیا کے مختلف ممالک بشمول ہندوستان میں میٹا کمپنی کی ملکیت والے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی خدمات جمعہ کی شام اچانک متاثر ہو گئیں، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو پیغام رسانی، اسٹیٹس شیئر کرنے، لاگ اِن اور یو پی آئی ادائیگی جیسے معاملات میں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ایپلی کیشنز کی کارکردگی پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق شام 5 بج کر 13 منٹ تک صرف واٹس ایپ کے خلاف ہی 463 سے زائد شکایات درج ہو چکی تھیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 81 فیصد صارفین پیغامات بھیجنے میں ناکام رہے، 16 فیصد نے ایپ کی عمومی کارکردگی میں رکاوٹ کی شکایت کی جبکہ 4 فیصد کو لاگ اِن کرتے وقت مشکلات پیش آئیں۔اسی دوران انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی صارفین نے پوسٹس اپلوڈ نہ ہونے، ریلز نہ چلنے اور نیوز فیڈ رُکنے جیسے مسائل کی شکایت کی۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا اور مسئلے کی فوری حل کی اپیل کی۔یو پی آئی صارفین کو بھی رقم کی ادائیگی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ صرف سماجی رابطے کی ایپس تک محدود نہ رہا، بلکہ مالیاتی ٹیکنالوجی سے جُڑی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ذرائع کے مطابق یہ تکنیکی مسئلہ تھا جس پر متعلقہ ماہرین کام کر رہے ہیں تاکہ خدمات کو جلد بحال کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل فروری 2024 میں بھی اسی نوعیت کی خرابی دیکھنے کو ملی تھی، جب واٹس ایپ کی خدمات کئی گھنٹوں تک بند رہیں اور دنیا بھر کے صارفین متاثر ہوئے تھے۔صارفین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بار بار کی تکنیکی خرابیوں سے ان کی روزمرہ زندگی اور کاروبار متاثر ہوتے ہیں، لہٰذا کمپنیوں کو ایسے معاملات میں شفافیت اور فوری ردعمل کو یقینی بنانا چاہیے۔