World Mourns Death of Pope Francis at 88پہلے لاطینی امریکی پوپ دنیا سے رخصت

پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ویٹیکن کا اعلان

ویٹیکن سٹی، 21 اپریل (حقیقت ٹائمز)

رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس آج صبح 7:35 بجے 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ویٹیکن کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو بیان میں اس خبر کی تصدیق کی گئی۔ کارڈینل کیون فیرل نے کہا کہ"آج صبح روم کے بشپ فرانسس اپنے رب کے حضور واپس لوٹ گئے۔"پوپ فرانسس، جن کا پیدائشی نام جارج ماریو برگولیو تھا، ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں 1936 میں پیدا ہوئے۔ وہ 2013 میں پوپ منتخب ہوئے اور کیتھولک تاریخ کے پہلے لاطینی امریکی اور یسوعی پس منظر کے حامل پوپ تھے۔ انہوں نے ہمیشہ سادگی، بین المذاہب ہم آہنگی، غرباء کی حمایت اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔حالیہ مہینوں میں پوپ فرانسس مختلف عوارض کا شکار رہے۔ مارچ میں وہ نمونیا کے سبب پانچ ہفتے تک اسپتال میں زیر علاج رہے اور اسی دوران اُن کی صحت مسلسل گراوٹ کا شکار رہی۔ ایسٹر کے موقع پر انہوں نے اپنے اہم خطبات دیگر عہدیداران کے ذریعے پڑھوائے۔پوپ فرانسس نے ویٹیکن کی پرتعیش رہائشگاہ کی بجائے ایک عام رہائشی عمارت 'کاسا سانتا مارٹا' میں سادہ زندگی اختیار کی۔ وہ دنیا بھر میں انسانیت، برداشت اور مکالمے کے فروغ کے لیے جانے جاتے تھے۔ویٹیکن کے اعلامیے کے بعد دنیا بھر سے تعزیت اور خراجِ عقیدت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی وفات کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کا اجلاس (کونکلیو) جلد طلب کیے جانے کا امکان ہے۔