بسون گوڈا پاٹل یتنال کا اعلان
اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دوں گا، بھگوا پرچم تلے الیکشن لڑوں گا
مسلمانوں کے ووٹ نہیں چاہییں
ہبلی 6 اپریل (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک میں بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی بسون گوڈا پاٹل یتنال نے ایک چونکا دینے والا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو جائیں گے اور آئندہ انتخابات بھگوا پرچم کے تلے لڑیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں مسلمانوں کے ووٹوں کی کوئی ضرورت نہیں۔یتنال نے ہبلی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا"میں ایم ایل اے کی حیثیت سے استعفیٰ دوں گا، اور بھگوا پرچم تلے انتخابات میں حصہ لوں گا۔ مجھے مسلمانوں کے ووٹ نہیں چاہییں، کیونکہ وہ ہمیں ووٹ نہیں دیتے۔"ان کا یہ بیان کرناٹک کی سیاست میں ایک نئی ہلچل کا باعث بن گیا ہے۔ یتنال، جو ماضی میں مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں، کو حال ہی میں بی جے پی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کے سبب معطل کیا تھا۔ لیکن ان کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اب بھی شدت پسند ہندو نظریات پر کاربند ہیں اور مستقبل کی سیاست میں اسی بنیاد پر آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ان کے اس بیان پر مختلف سیاسی، سماجی و اقلیتی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں اسے آئینی اقدار، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور جمہوری اصولوں کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔