ٹمکور کے ہونہار محمد تمیم کی شاندار کامیابی
پہلی بار تراویح میں مکمل قرآن کریم سنانے کا اعزاز
ٹمکور یکم اپریل (حقیقت ٹائمز)
ٹمکور کے باصلاحیت نوجوان محمد تمیم نے رمضان المبارک کی مبارک ساعتوں میں اپنی زندگی کا ایک تاریخی لمحہ رقم کرتے ہوئے مسجد نمرہ میں پہلی بار نمازِ تراویح میں مکمل قرآن کریم سنانے کی سعادت حاصل کی۔ محمد تمیم نے مسجد نمرہ کے زیر انتظام مدرسے میں کم عمری میں ہی حفظِ قرآن مکمل کر لیا ، اور اسی مسجد میں تراویح سنانے کا موقع ملنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گیا۔اس عظیم کامیابی پر ان کے والد عبدالقادر صاحب کے قریبی رفقاء عمر فاروق، عطاء الرحمن فرید، سیف اللہ، عاطف بیگ، اور عبدالحلیم منصور نے ان کے گھر پہنچ کر تہنیت پیش کی اور ایک خوبصورت تحفہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر محمد تمیم کے والدین کو بھی مبارکباد دی گئی، جن کی قربانیوں اور محنت کے نتیجے میں ان کا بیٹا حافظِ قرآن بننے کے بعد پہلی بار تراویح میں قرآن سنانے کا شرف حاصل کر سکا۔شہر ٹمکور کے دینی و علمی حلقوں نے محمد تمیم کی اس کامیابی کو شہر کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنی علمی و دینی خدمات سے معاشرے کو منور کرتے رہیں گے۔ محمد تمیم کا یہ کارنامہ نوجوانوں کے لیے ایک مثالی تحریک ہے، جو دین کی راہ میں محنت اور استقامت کی روشن مثال ہے۔اسی طرح شہر ٹمکور کے مختلف مدارس سے امسال فارغ ہونے والے ہونہار کمسن و جواں سال حفاظ کرام نے مختلف مقامات پر تراویح میں مکمل قرآن مجید کی تلاوت کرکے اپنی دینی خدمات کا آغاز کیا ہے۔جنمیں شہر و ضلع سے تعلق رکھنے والے بچے اور جوان شامل ہیں، شہر کے ایک صنعت کار عطاء الللہ بیگ جو خود بھی ایک حافظ قرآن ہیں کے فرزند سمائل نے بھی امسال فراغت کے بعد تراویح میں مکمل قرآن مجید کی تلاوت کرنے کا شرف حاصل کیا۔

