ساورکر کو شکست کا ذمہ دار قرار دینے والا امبیڈکر کا خط منظرعام پر
پریانک کھرگے کا چلاوادی نارائن سوامی سے استعفیٰ کا مطالبہ
بنگلورو، 6 مئی (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے دیہی ترقی، پنچایت راج اور آئی ٹی کے وزیر پریانک کھرگے نے آج ایک اہم پریس کانفرنس میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے ہاتھ سے لکھا ایک خط جاری کیا، جس میں انہوں نے ساورکر کو اپنی انتخابی شکست کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ یہ خط ڈاکٹر امبیڈکر نے 'کمل کانت' نامی شخص کو لکھا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل سی اور قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر چلاوادی نارائن سوامی کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "جب میں نے قانون ساز کونسل میں یہ خط پڑھ کر سنایا تو بی جے پی اراکین نے اسے جھوٹ قرار دیا۔ اب جب ہمارے پاس نیشنل آرکائیوز آف انڈیا سے حاصل شدہ اصل دستاویز موجود ہے، تو نارائن سوامی کو اپنے چیلنج پر قائم رہتے ہوئے فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔"کھرگے نے الزام لگایا کہ نارائن سوامی برسوں سے غلط بیانی کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا، "بی جے پی کو اب نیا اپوزیشن لیڈر منتخب کرنا ہوگا، کیونکہ نارائن سوامی نے اپنی ساکھ کھودی ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ، "اگر بی جے پی کو یقین نہیں، تو وہ دہلی جا کر نیشنل آرکائیوز کا دورہ کرے، جہاں ڈاکٹر امبیڈکر کی 313 اصل دستاویزات موجود ہیں۔ اس دورے کا خرچ کانگریس برداشت کرے گی۔"انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ "بی جے پی کے رہنما تاریخ سے ناواقف ہیں، نہ ان میں مطالعے کی دلچسپی ہے اور نہ ہی صلاحیت۔"انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ امبیڈکر اور کانگریس کے درمیان سیاسی اختلافات تھے، مگر وہ کانگریس سے محبت اور اعتماد رکھتے تھے۔ "انہوں نے خود ایک کتاب میں لکھا ہے کہ کانگریس نے پسماندہ طبقات کے لیے کیا کچھ کیا ہے۔ دستور ساز کمیٹی میں ہم سب نے مل کر کام کیا۔ یہ میں نہیں، تاریخ کہتی ہے۔"انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "بی جے پی رہنما امبیڈکر اور کانگریس کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔"پریانک کھرگے نے چلاوادی نارائن سوامی کی سابقہ سیاسی سرگرمیوں پر بھی طنز کیا، خاص طور پر اس واقعے کا حوالہ دیا جب وہ آر ایس ایس کی خاکی نیکریں جمع کر کے عوامی مظاہرہ کر رہے تھے۔ "یہ وہی چلاوادی ہیں جو نیکریں اپنے سر پر اٹھا کر گھومے، مگر اب انہیں بی جے پی نے صرف گالیاں دینے کے لیے اپوزیشن لیڈر بنایا ہے۔"