پیشہ ور صفائی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پرعزم ہے: وزیراعلیٰ سدارامیا
صفائی ملازمین کی بھرتی، مستقل تقرری، اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے نئے منصوبوں کا اعلان
بنگلورو، یکم مئی (حقیقت ٹائمز)
وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ حکومت صفائی کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی بھلائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ اس وقت جن صفائی ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے، ان کے بعد آئندہ دنوں میں تقریباً 9000 گاڑی چلانے والے، مددگار اور آپریٹرز کو بھی مستقل کیا جائے گا۔بی بی ایم پی (برہت بنگلورو مہا نگر پالیکے) کے زیر اہتمام یومِ صفائی کارکنان کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صفائی ملازمین کو تقرری نامے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صفائی کے شعبے میں مصروف عمل افراد کو مستقل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں انہوں نے دیکھا تھا کہ صفائی ملازمین کو ٹھیکے داروں کے ذریعے استحصال کا سامنا تھا اور انہیں مناسب اجرت بھی نہیں دی جا رہی تھی۔ اسی لیے کم از کم اجرت کا قانون لاگو کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں 7000 روپے سے بڑھا کر 17000 روپے کر دی گئیں، جو اب براہِ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہیں۔سدارامیا نے مزید کہا کہ جب وہ اپوزیشن لیڈر تھے تب ہی انہوں نے صفائی ملازمین کی مستقل تقرری کی حمایت کی تھی اور وعدہ کیا تھا کہ کانگریس اقتدار میں آ کر اس مطالبے کو پورا کرے گی۔ آج حکومت نے اس وعدے کو پورا کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں چوتھے درجے کے ملازمین کو اب 39000 روپے ماہانہ تنخواہ بینک کے ذریعے براہِ راست ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت صفائی ملازمین کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنا کر معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس مقصد کے لیے متعدد فلاحی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں، جن میں 1000 صفائی ملازمین کو بیرون ملک تربیت کے لیے بھیجنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خود بھی صفائی کے کام میں دلچسپی لیں اور اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف رکھنے میں تعاون کریں تاکہ ایک خوشحال، صاف اور ترقی یافتہ ریاست کی تشکیل ممکن ہو سکے۔