Kannada Literature to Gain Global Recognition with Translations, Says CM "چارُو وسنتا" کا سولہویں زبان فارسی میں ترجمہ، کنڑ ادب کا فخر

کنڑ ادب کی عالمی شناخت کے لیے حکومت کا تعاون: سدارامیا

چارُو وسنتا کا فارسی ترجمہ، کنڑ ثقافت کی بین الاقوامی پیشکش

بنگلور، 5 مئی (حقیقت ٹائمز)

وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے آج کہا ہے کہ کنڑ ادب کے اہم ادبی شہ پاروں کو انگریزی سمیت دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ کروانے کے لیے ریاستی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وہ آج بنگلور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں خطاب کر رہے تھے جہاں ممتاز ادیب اور دانشور ڈاکٹر ہمپنا کی معروف کنڑا کتاب ’’چارُو وسنتا‘‘ کے فارسی ترجمے کا رسم اجرا عمل میں آیا۔فارسی ترجمہ معروف اسکالر اور مترجم پروفیسر سید افضل حسین نے کیا ہے۔یہ پروگرام ’’کمالا ہمپنا ساہتیہ ویدیکے‘‘ اور ’’کرناٹک چترکلا پریشد‘‘ کے اشتراک سے چترکلا پریشد ہال میں منعقد ہوا تھا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر ہمپنا کنڑ سرزمین کی ایک عظیم ثقافتی اور علمی شخصیت ہیں۔ ان کی تصنیف ’’چارُو وسنتا‘‘ ایک منفرد اور بلند پایہ ادبی تخلیق ہے، جو اب تک 16 زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہے اور اب فارسی زبان میں اس کا ترجمہ ہونا کرناٹک اور کنڑ زبان کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کنڑ ادب کو دنیا کی تمام بڑی زبانوں میں منتقل کیا جائے تو یہ زبان کی ترقی کا ایک مضبوط وسیلہ بنے گا۔سدارامیا نے ڈاکٹر ہمپنا اور ان کی شریک حیات سے اپنی دیرینہ قربت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگرچہ خود شاعر یا ادیب نہیں ہیں، لیکن انہیں ادب اور ادیبوں سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ’’کنڑ کائولو سمیتی‘‘ کے پہلے صدر کی حیثیت سے مرکز کو ہمیشہ کنڑ میں خط لکھتے رہے ہیں اور انگریزی کا استعمال تقریباً ترک کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’چارُو وسنت‘‘ صرف ایک نظم ہی نہیں، بلکہ یہ معاشرتی تفریق، ذات پات اور چھواچھوت کے خلاف ایک زوردار احتجاج بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سب کو سماجی و اقتصادی طاقت حاصل ہوگی تبھی ذات پات کا نظام ختم ہو سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’چارُو وسنتا‘‘ جیسی تخلیقات کنڑ زبان کے فروغ اور تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس طرح کی مزید تخلیقات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر بطور مہمانان خصوصی ممتاز اردو قلمکار ،مترجم و دانشور ڈاکٹر ماہر منصور ، کنڑ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر ڈاکٹر پروشوتم بلیملے ، کرناٹک ساہتیہ اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر کے ایل مکندراج ، اور دیگر شرکت رہے۔جبکہ صدارت راشٹرا کوی کویمپو پرتشٹھان و کرناٹک چترکلا پریشد کے صدر ڈاکٹر بی ایل شنکر نے کی۔