کئی اضلاع میں بارش کی پیش گوئی
درجہ حرارت میں بھی اتار چڑھاؤ
بنگلورو، 5 مئی (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے مختلف اضلاع میں 11 مئی تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 مئی سے ریاست میں بارش کی شدت دوبارہ بڑھنے والی ہے، حالانکہ گزشتہ دو دنوں میں وقفہ دیکھا گیا تھا۔محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ اُڈپی، شمالی کینرا، جنوبی کینرا، بیلگاوی، بیدر، دھارواڑ، گدگ، ہاویری، کلبرگی، کوپل، رائچور، وجےپور، یادگیر، بلاری، بنگلورو اربن و رورل، چامراج نگر، چکمگلور، چترا درگہ، داونگیرے، ہاسن، کوڈاگو، کولار، منڈیا، میسور، رام نگر، شیموگہ، ٹمکورو اور وجے نگر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے موجودہ درجہ حرارت کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں جس کے مطابق کلبرگی میں سب سے زیادہ گرمی ریکارڈ کی گئی، جہاں پارہ 42.0 ڈگری سیلسیس تک پہنچا۔بنگلورو شہر میں درجہ حرارت 32.0 ڈگری زیادہ اور 21.7 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ایچ اے ایل میں زیادہ سے زیادہ 32.6 اور کم از کم 20.1 ڈگری سیلسیس،کے آئی اے ایل میں زیادہ سے زیادہ 34.3 اور کم از کم 21.8 ڈگری،جے کے وی کے میں 33.2 زیادہ اور 19.2 ڈگری کم درج ہوا۔ساحلی علاقوں میں بھی گرمی کا اثر جاری رہا جیسے ہونناور میں 34.7 اور 26.2،کاروار میں 36.8 اور 28.7،پنبور میں 34.2 اور 24.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق، اگر بارش مسلسل جاری رہی تو آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی ممکن ہے، تاہم خشک علاقوں میں کسانوں کو ابھی بھی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔