آپریشن سندور فوج میں خواتین کی
قیادت کا جرأت مندانہ باب
نئی دہلی، 7 مئی (حقیقت ٹائمز)
ہندوستانی فوج کی تاریخ میں پہلی بار ایسا منظر دیکھنے کو ملا جب کسی اہم اور خفیہ فوجی کارروائی پر پریس کانفرنس کی قیادت دو خاتون افسران نے کی۔کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے "آپریشن سندور" کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کیں، جس کے تحت فوج نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے جواب میں سرحد پار دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنایا۔ جموں و کشمیر کے پہلگام میں معصوم سیاحوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے جواب میں ہندوستان نے ایک منصوبہ بند اور محدود فوجی کارروائی کی، جسے "آپریشن سندور" کا نام دیا گیا۔فضائیہ کے مطابق، اس کارروائی میں دہشت گرد کیمپوں کو جدید ہتھیاروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں کئی لانچ پیڈ تباہ کیے گئے جہاں دہشت گردوں کو تربیت دی جا رہی تھی۔"آپریشن سندور" کا نام پہلگام حملے میں شہید ہونے والے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے رکھا گیا۔سندور ہندو روایات میں ازدواجی بندھن کی علامت مانا جاتا ہے، اور یہاں اس کا استعمال شہداء کی بیواؤں کے حوصلے اور قربانی کی علامت کے طور پر کیا گیا ہے۔پریس کانفرنس کی قیادت کرنل صوفیہ قریشی (فوج) اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ (فضائیہ) نے کی، جو کہ بھارتی افواج میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔یہ پہلا موقع تھا جب کسی دفاعی کارروائی کی باضابطہ بریفنگ خواتین افسران نے دی، جس سے یہ پیغام بھی دیا گیا کہ خواتین نہ صرف فرنٹ لائن پر موجود ہیں بلکہ فیصلہ سازی اور حکمت عملی کی سطح پر بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
کرنل صوفیہ قریشی
کرنل صوفیہ قریشی بھارتی فوج کی اولین خواتین افسران میں سے ہیں جو فوجی مشقوں کی قیادت کر چکی ہیں۔ وہ 2016 میں انٹرنیشنل پیس مشن میں بھارت کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون افسر تھیں۔ان کا تعلق گجرات سے ہے اور انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی اہم فوجی تقرریوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ
ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ ہندوستانی فضائیہ کی ممتاز افسر ہیں جو مختلف آپریشنل مشن میں حصہ لے چکی ہیں۔ وہ جنگی طیاروں کی نیویگیشن اور فضائی حکمت عملی میں مہارت رکھتی ہیں۔