Sonu Nigam Faces Backlash from Kannada Industry سونو نگم کے خلاف کنڑا فلم انڈسٹری کا سخت ردعمل

 سونو نگم پر کرناٹک فلم انڈسٹری کی پابندی

 پولیس کی جانب سے نوٹس، عوامی غصے کی لہر

بنگلورو5 مئی (حقیقت ٹائمز)

معروف گلوکار سونو نگم پر کرناٹک فلم انڈسٹری نے غیرمعمولی فیصلہ لیتے ہوئے مکمل طور پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب سونو نگم نے ایک حالیہ پروگرام میں مبینہ طور پر کنڑا زبان میں گانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے ایسی باتیں کیں جنہیں ریاست کی عوام اور کنڑا تنظیموں نے توہین آمیز تصور کیا۔کرناٹک فلم چیمبر آف کامرس نے ایک ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سونو نگم کو کسی بھی فلم میں گانے کا موقع نہیں دیا جائے گا،ریاست بھر میں اُن کے کسی بھی میوزیکل نائٹ یا ثقافتی پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی،نجی سطح پر بھی کسی تقریب میں اُنہیں مدعو کرنے سے منع کیا گیا ہے۔چیمبر کے صدر نرسمہلو ایم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُمید تھی کہ وہ معذرت کریں گے، مگر اُنہوں نے اب تک کنڑا عوام سے معافی نہیں مانگی۔ اس لیے یہ فیصلہ ضروری سمجھا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کسی فنکار پر باضابطہ طور پر پابندی لگانا ممکن نہیں، لیکن فلم ساز، موسیقار، اور ہدایت کار اپنی مرضی سے ایسے افراد کو نظرانداز کرسکتے ہیں۔قابل ذکر بات ہے کہ سونو نگم کے متنازع بیان پر بنگلور کے اوالہلی پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کی گئی ہے۔ پولیس نے اُنہیں رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعے نوٹس جاری کیا ہے اور ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔ پروگرام کے منتظمین کو بھی نوٹس دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔جبکہ انکے خلاف کنڑا تنظیم کرناٹک رکشنا ویدیکے کے ریاستی صدر نارائن گوڈا کی قیادت میں عوامی مظاہرہ کیا گیا۔ تنظیم کے ریاستی سیکریٹری منجوناتھ گوڈا نے جیا نگر پولیس تھانے میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ نارائن گوڈا نے سخت الفاظ میں کہا کہ سونو نگم نے کنڑا اور کنڑا عوام کی توہین کی ہے، اُنہیں فوری طور پر گرفتار کر کے جیل بھیجا جانا چاہیے۔ریاست بھر میں کنڑا عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بیان سنو نگم ،کنڑا فرسٹ جیسے ہیش ٹیگز کے ساتھ مہم چلائی جا رہی ہے۔ عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ جو بھی فنکار مقامی زبان و ثقافت کی بےحرمتی کرے، اُس کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے۔