ملک کے فوجیوں کی سلامتی کے لیے
ریاست بھر کی مساجد میں خصوصی دعائیں ہوں گی
بنگلورو 8 مئی (حقیقت ٹائمز)
پہلگام حملے کے پس منظر میں کرناٹک کے وزیر برائے اقلیتی بہبود و اوقاف ضمیر احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے دفاع میں مصروف فوجیوں کی خیریت، کامیابی اور حوصلے کے لیے ریاست بھر کی مساجد میں خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ "آپریشن سندور" کے تحت وطن کی حفاظت میں مصروف ہمارے فوجیوں کے لیے جمعہ کے روز تمام مساجد، خصوصاً وقف بورڈ کے تحت آنے والی مساجد میں، خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔اس سلسلے میں وزیر موصوف نے کرناٹک وقف بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر کو ایک باضابطہ مکتوب ارسال کیا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ جمعہ کے خطبہ و نماز کے دوران ملک کے فوجیوں کی کامیابی، حفاظت اور عزم و حوصلے کے لیے دعائیں کی جائیں۔ضمیر احمد خان نے ریاست کی عوام اور علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی کے جذبے کے تحت اپنی مساجد میں فوجی جوانوں کی حمایت میں اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کریں۔