اساتذہ سماجی ہم آہنگی کے سفیر ہیں، کارپوریٹ "مال" نہیں بناتے۔ کے وی پربھاکر
(بنگلور، یکم مئی (حقیقت ٹائمز
اساتذہ محض تعلیم دینے والے نہیں بلکہ وہ بچوں کے ذریعے اور بچوں میں رحم دلی، ہم آہنگی، رواداری، اخلاقیات، سچائی اور مشترکہ زندگی کے اقدار کو فروغ دینے والے سماجی سفیر ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ کے میڈیا مشیر کے وی پربھاکر نے کیا۔وہ میڈیا کنیکٹ اور پنّیا فاؤنڈیشن ودیابھون کی جانب سے منعقدہ "گرو وندنا" تقریب میں خطاب کر رہے تھے، جہاں اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹمکور کے ایڈگورو سرکاری اسکول کے اساتذہ نے سماجی شعور رکھنے والے شہریوں کی تربیت کی ہے، اور آج 25 سال بعد انہی کے شاگرد اپنے اساتذہ کو سلام پیش کر کے اپنے اعلیٰ تہذیبی اقدار کا ثبوت دے رہے ہیں۔کے وی پربھاکر نے زور دے کر کہا کہ کسان، اساتذہ اور سپاہی ایک صحت مند اور پرامن سماج کے تین اہم ستون ہیں۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا ہمیشہ کہا کرتے ہیں کہ اگر کوئی سماج میں تبدیلی لانے والا طبقہ ہے تو وہ اساتذہ ہیں۔انہوں نے ایک دلچسپ تاریخی واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہٹلر جب بھی کسی ملک پر قبضہ کرتا، تو سب سے پہلے وہاں کے اساتذہ کو گرفتار کرنے کا حکم دیتا۔ اسے معلوم تھا کہ استاد ہی وہ طاقت ہے جو بچوں اور سماج پر اثرانداز ہو سکتی ہے، جو جدوجہد کے خیالات کو پروان چڑھا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں سب سے پہلے اسکولوں کے اساتذہ نے مہاتما گاندھی کے خیالات سے متاثر ہو کر تحریک میں شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح سماجی رہنما شانتویری گوپالا گوڑا بھی اپنی تحریکوں کو شروع کرنے سے قبل سب سے پہلے اساتذہ اور طلبہ سے مخاطب ہوتے تھے، جو بعد میں ان خیالات کو اپنے والدین تک پہنچاتے۔کے وی پربھاکر نے تعلیمی نظام کو درپیش نئے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے ترقی پذیر ٹیکنالوجی کی دنیا میں تعلیم کا مطلب صرف کارپوریٹ کمپنیوں کے لیے "مال" تیار کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اساتذہ کو سماجی و ثقافتی اقدار کی تربیت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ دور میں تعلیمی نظام پر کارپوریٹ اور سیاسی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مگر ہمیں ان دباؤ کے آگے جھکنے کے بجائے سماج کی ہم آہنگی اور تہذیب کی حفاظت کرنی ہوگی۔کے وی پربھاکر نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سروے کے مطابق سرکاری اسکولوں میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات نجی اسکولوں کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ بچوں میں صنفی حساسیت، رواداری اور مشترکہ زندگی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی اسکولوں کی عمارتیں بھلے ہی شاندار ہوں، مگر اساتذہ کے معیار کے اعتبار سے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ اعلیٰ مقام پر ہیں۔انہوں نے حکومت کے نئے پروگرام میرا اسکول، میری ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں سے فارغ التحصیل لاکھوں افراد اب اپنے اسکولوں کو مالی تعاون دے رہے ہیں۔ انہوں نے خود بھی کولار کے اپنے پرانے اسکول کی مدد کی ہے اور وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بھی اپنے اسکول کے لیے مالی امداد دی ہے۔تقریب کے آخر میں انہوں نے میڈیا کنیکٹ کی دیویا رنگینہلی اور پنّیا فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے انہیں اپنے اساتذہ کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملا۔یہ تقریب آدی چنچنگیڑی مٹھ کے جگد گرو شری نرملانند سوامی جی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے ہاؤسنگ کے میڈیا مشیر ایل لکشمی نارائن سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔