Urs of Khwaja Bande Nawaz Promotes Harmony خواجہ بندہ نوازؒ کا عرس، روحانی ہم آہنگی کا مظہرoo

ہم سب خواجہ بندہ نوازؒ کی 

روحانی روایت کے امین ہیں: پریانک کھرگے

عرس کے پیش نظر آل انڈیا صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب 

کلبرگی، 14 مئی (حقیقت ٹائمز)

دیہی ترقی و پنچایت راج کے وزیر اور کلبرگی ضلع کے انچارج وزیر پریانک کھرگے نے کہا ہے کہ کلبرگی ضلع صوفی اور سنت روایات کی گہری جڑوں کا حامل ہے، اور ان عظیم روحانی اقدار و ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے عرس شریف اور صندل جلوس کے موقع پر درگاہ کے احاطے میں منعقدہ آل انڈیا صنعتی نمائش کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ خواجہ بندہ نوازؒ کے روحانی سلسلے کو موجودہ سجادہ نشین جناب سید محمد علی الحسینی صاحب نہایت اخلاص اور رہنمائی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ہم اس روحانی سفر میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم شری شَرن بسویشور مندر اور بدھ ویہار کا احترام کرتے ہیں، اُسی طرح خواجہ بندہ نوازؒ کی درگاہ کا بھی احترام کرتے ہیں۔ سجادہ نشین کو ہمیں جدا تصور نہیں کرنا چاہیے۔ ہم اس روحانی اور ثقافتی روایت کو جاری رکھنے میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔


سجادہ نشین حضرت سید محمد علی الحسینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی درگاہ کا سالانہ عرس شریف صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنی روحانی عظمت اور تاریخی اہمیت کے لیے جانا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کینیڈا، انگلینڈ اور دیگر ممالک سے محققین اور سیاح یہاں کے روحانی ماحول اور تاریخی پس منظر کا مطالعہ کرنے آ چکے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی عرس کی تقریبات میں بڑی تعداد میں زائرین، تاجر اور سماجی شخصیات شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے دعا دی کہ یہ روحانی اجتماع تمام حاضرین کے لیے برکت، خیر و عافیت کا ذریعہ بنے۔اس موقع پر ریاستی وزیر برائے طبی تعلیمات ڈاکٹر شَرن پرکاش پاٹل نے کہا کہ کلبرگی کی سرزمین ہمیشہ سے بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کی علامت رہی ہے۔یہاں کے روحانی مراکز جیسے کہ شری شَرن بسویشور مندر اور خواجہ بندہ نوازؒ کی درگاہ، دونوں علاقے کے دو اہم مذہبی مراکز ہیں جہاں ہر مذہب کے لوگ بلا امتیاز آ کر دعائیں کرتے ہیں۔ یہی اس سرزمین کی خوبصورتی ہے۔اس موقع پر رکن اسمبلی کنیز فاطمہ، جناب سَید الحسین صاحب، مہزر عالم خان اور دیگر معززین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ پروگرام کا اختتام روحانی فضا، اخوت کے پیغام اور ثقافتی ہم آہنگی کے عزم کے ساتھ ہوا۔

Urs of Khwaja Bande Nawaz Promotes Harmony


خواجہ بندہ نوازؒ کا عرس، روحانی ہم آہن

گی کا مظہر